راج کماری اقتدار سے باہر یوں تڑپ رہی ہے جیسے مچھلی پانی سے باہر تڑپتی ہے،فردوس عاشق اعوان
لاہور:اہم ریاستی اداروں کے خلاف زہر اگلنے والے مٹھی بھر بیرونی آلہ کاروں اور انکے سہولت کاروں کو عوام کی مدد سے بے نقاب کریں گے، عوام اور میڈیا ملک دشمن عناصر کو خوب سمجھتے ہیں اورلوٹا مال بچانے کیلئے ان کی سب تدبیریں ناکام ہو چکی ہیں،ظل سبحانی کی راج کماری اقتدار سے باہر یوں تڑپ رہی ہے جیسے مچھلی پانی سے باہر تڑپتی ہے۔ جلسے جمہوریت کا حسن ہیں لیکن ملک دشمنی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہارمعاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مذید کہنا تھا کہ انکی تقرری کی خبر اپوزیشن پر بھاری بم بن کرگری جس کا دھواں اب تک اٹھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھر بھی وہ اپوزیشن کو”برنال“ آفر کرتی ہیں اور انکے زخموں پر مرہم رکھنے کو تیا رہیں کیونکہ ہم سب کو مل کر عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے کسانوں کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے اور تمام فصلات کی سپورٹ پرائس پر ریلیف دیا ہے۔ معاشی حالات میں بہتری کیساتھ کاشتکاروں کو مزید ریلیف فراہم کریں گے۔ آج جو ٹولہ کسانوں کا جھوٹا حمائتی بن رہا ہے ان سے پوچھا جائے کہ ماضی کی حکومتوں میں انہوں نے گندم، ھنے اور دیگر فصلات کی سپورٹ پرائس کیوں نہیں بڑھائی۔ یہ بزدار حکومت ہی ہے جس نے قلیل مدت میں گندم کی امدادی قیمت میں 300روپے کا اضافہ کیا اور گنے کے کاشتکاروں کو 175ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔ بے گھر صحافیوں کیلئے گھروں کا مسلہ حل کرنے کیلئے صوبے بھر میں صحافی کالونیز بنانے کی پالیسی لا رہے ہیں۔ ہماری پالیسی ہے کہ صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں، پریس کلبز اور باڈیز کو ساتھ لیکر چلیں اور صحافیوں کے مسائل حل کریں۔ڈاکڑفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کو دورحاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اورمحکمہ اطلاعات کے نمائندوں کی استعدکار میں اضافے کیلئے Digital Communication Academy ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔


