وعدے پورے کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کی اتحادیوں کو یقین دہانی
وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وعدے پورے کیے جائیں گے۔ ہم پاکستان کو بہتر بنانے کیلئے متحد ہیں۔
اپوزیشن ملک کو نقصان پہنچانے پر تلی ہے اور کیسز سے چھٹکارا پانے کیلئے بلیک میل کر رہی ہے۔ ان کو معلوم نہیں کہ میں بلیک میل ہوتا ہوں اور نہ دباؤ میں آتا ہوں۔
مہنگائی اور حلقوں کے مسائل کا احساس ہے۔ مافیا تبدیلی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ دو سال تک معیشت کی بنیاد مضبوط بنانے پر توجہ تھی، اب عوامی فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی نے لاپتا افراد کی بازیابی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہی بلوچستان کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں میں سینکڑوں لاپتا افراد بازیاب کرائے ہیں۔ اختر مینگل کی لسٹ میں شامل اکثریتی لاپتا افراد گھر پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں صوبے میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے۔ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کی تشہیر نہیں ہو رہی۔ ہم کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن لڑیں گے۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف بیانیے اور اپوزیشن تحریک سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کی تیاری کے لئے وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادی جماعتوں دیئے گئے ظہرانے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، بلوچستان عوامی پارٹی اور شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔ ظہرانے میں موجودہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ سمیت ق لیگ کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت نہیں کی۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا ہماری قیادت کے تحفظات ہیں، ہمارے تحفظات کا ازالہ نہیں کیا گیا، فیصلہ سازی کے کسی عمل میں شریک نہیں کیا گیا، مشاورت کی جاتی ہے نہ ہی کسی فیصلے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے۔


