ایردوآن اور شاہ سلمان تعلقات میں بہتری پر متفق


ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور سعودی حکمران شاہ سلمان نے تعلقات میں بہتری پر اتفاق کیا ہے۔ استنبول میں قائم سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد یہ ایسا اولین رابطہ تھا.ترک صدارتی دفتر کی طرف سے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بتایا گیا کہ ایردوآن اور سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران باہمی تعلقات کے علاوہ جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ بیان کے مطابق، ”صدر ایردوآن اور شاہ سلمان نے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ باہمی تعلقات میں بہتری لائی جا سکے اور مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔‘‘
ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور سعودی شاہ سلمان کے درمیان یہ ٹیلی فونک رابطہ جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوا ہے۔ دنیا کی 20 طاقتور ترین معیشوں کا یہ سربراہی اجلاس اس برس سعودی دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس کا آغاز آج ہفتہ 21 نومبر کو ہو رہا ہے۔ ترک صدر ایردوآن آج عالمی وقت کے مطابق دن ایک بجے بذریعہ ویڈیو لنک اس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مسلم دنیا میں بالادستی حاصل کرنے کی کوششوں کے حوالے سے طویل تاریخ موجود ہے تاہم ان دونوں سنی مسلم ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت زیادہ کشیدہ ہو گئے جب ترک شہر استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں واشنگٹن پوسٹ کے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو 2018ء میں قتل کر دیا گیا تھا۔ جمال خاشقجی سعودی حکومت کے ناقد تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں