تحائف کے تبادلے سے وائرس پھیلنے کا امکان ہے، کرسمس کیلئے ایس اوپیز جاری

چرچ کی دعا میں 15 سال سے کم عمر، بیمار اور بوڑھے افراد کو نہ لے جایا جائے: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر— فوٹو: فائل
کورونا وائرس کی انسداد کیلئے بنائے گئے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرسمس کیلئے ضابطہ کار (ایس او پیز) جاری کر دیے۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق کرسمس کی چھٹیوں کے دوران کم سے کم سفر کریں اور کرسمس شاپنگ کو ضروری سامان تک ہی محدود رکھا جائے۔
این سی او سی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تحائف کے روایتی تبادلے سے بھی وائرس پھیلنے کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے درمیان بڑے گھریلو اجتماعات سے پرہیز کریں جبکہ چرچ میں داخل ہونے والوں کی تھرمل اسکریننگ کا اہتمام کیا جائے اور چرچ کے دروازے پر ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرسمس کے دن چرچ کے کھڑکیاں اور دروازے ہوا داری کیلئے کھول دیے جائیں، بنچوں کو باقاعدگی سے کلورین ملے پانی سے دھویا جائے اور ماسک کا استعمال لازمی اور مصافحہ سے گریز کیا جائے گا۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ چرچ کی دعا میں 15 سال سے کم عمر، بیمار اور بوڑھے افراد کو نہ لے جایا جائے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کیسز و اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ ملک میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو کرسمس مذہبی عقیدت و احترام سے منائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں