نیب عمرانی خواہش پر سلیم مانڈوی والا اور خورشید شاہ کو نشانہ بنا رہا ہے، نفیسہ شاہ
اسلام آباد: پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نیب عمرانی خواہش پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔ خورشید شاہ ڈیڑھ سال سے نیب کے پاس یرغمال ہیں۔ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ نیب نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے اور کاروباری طبقے سے تاوان طلب کرتا ہے۔ جو کاروباری طبقہ عمران خان کی اے ٹی ایم مشین بننے کیلئے تیار نہیں تھا عمران خان انہیں نیب کے ذریعے نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سے پوچھا جاتا ہے کہ تمہارے دادا نے کیسے زمین خریدی تھی؟ کس سے خریدی؟ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کو چاہیے کہ اپنے کردار کا جائزہ لیں۔ نیب کے چہرے اور دامن پر انسانی خون کے دھبے ہیں۔ سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے نیب کا استعمال انتہائی شرمناک ہے۔


