وزیر اعلیٰ پنجاب کورونا کا شکار،یہ پی ڈی ایم جلسوں کا نتیجہ ہے، فردوس عاشق اعوان
لاہور:حکومت پنجاب کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کے ایک ترجمان اظہر مشوانی نے ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ عثمان بزدار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی طبیعت ناساز ہے، انہوں نے تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں۔ ڈاکٹرز نے وزیراعلی عثمان بزدار کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تو ساتھ ہی اسے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی کارستانیوں کا نتیجہ قرار دے دیا۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ تمام تر احتیاط کے باوجود وزیراعلی پنجاب بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ن لیگ پنجاب کی انفارمیشن سیکرٹری عظمیٰ بخاری نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ میں کی گئی تنقید کا جواب دیا تو ان سے طنز بھرا شکوہ کرتے ہوئے کہا اوہو آپ پہلے بتا دیتی کہ وہ جلسہ دیکھنے آئے تھے تو میں انانسمنٹ کروا دیتی، ان کو دھکے نہ کھانے پڑتے۔


