فوری طور پر آئسولیشن کے حوالے سے قوانین وضع کیے جائیں، پی ایم اے

کوئٹہ: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون کے وفد نے گزشتہ روزشیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے ڈاکٹرز کے ساتھ ملاقات کی۔ جس میں بھاری تعداد میں میل اور فیمیل ڈاکٹروں نے شرکت کی۔حفاظتی تدا بیر کے تحت میٹنگ کا انعقاد کھلے مقام پر کیا گیا۔ڈاکٹروں نے وفد کو آگاہ کیا کہ پچھلے ایک ماہ سے وہ آئسولیشن وارڈ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ اور ان کے خاندان والے شدید نفسیاتی دبا کا شکار ہو چکے ہیں آئسولیشن میں رکھے گئے مریضوں کی نقل و حمل اور مریضوں کے اٹنڈنٹس اور عزیزواقارب کی آزادانہ آمد ورفت آسولیشن پروٹوکولز کی شدید خلاف ورزی ہے جس سے متعلق بارہا انتظامیہ کو آ گاہ کیا گیا ہے۔ مگر انتظامیہ نے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے ہیں ڈیوٹی ڈاکٹرز کو فراہم کی جانے والی پی پی ای کٹس بھی بعض اوقات استعمال شدہ ہوتی ہے جس کے بارے میں بھی ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ آئے دنوں مریضوں کی جانب سے اشتعال انگیزی اور ڈاکٹروں کے اوپر تھوک پھینکنے جیسے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں جو سیکورٹی کی نا اہلی ہے۔اور کسی صورت بھی قابل قبول نہیں وفد کو بتایا گیا کہ اب تک ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کسی بھی طرح کی ٹریننگ فراہم نہیں کی گئیں.اور نہ ہی ان کو کوئی تحریری پروٹوکول فراہم کیے گئے ہیں۔ پی ایم اے کے وفد نے ڈاکٹرز کو یقین دلایا کہ شیخ زاید ہسپتال میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید اسپتال سے ملاقات کی جائے گی اور ہم پر امید ہیں کہ وہ ان تمام مسائل کے حل کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں گے۔ پی ایم اے کوئٹہ زون سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ آئسولیشن میں رکھے گئے تمام مریضوں کے لیب ٹیسٹ کی رپورٹس مریضوں کی فائل کے ساتھ منسلک کی جائے اور جلد از جلد آئسولیشن کے حوالے سے پروٹوکولز کو مرتب کرکے ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے.اور ایک ماہ سے آئسولیشن وارڈز میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرز کو وضع کردہ اصولوں کے مطابق چودہ دن کے لئے کورنٹائن میں رکھا جائے اور اس کے بعد ان کو دو ہفتے لیے چھٹی دی جائے ان کے کورنٹائن کا بندوبست ایم پی اے ہوسٹل یا افسر ز کلب میں کیا جائے۔ کیونکہ مسلسل ایک ماہ سے ڈیوٹی کرنے کی وجہ سے ڈاکٹر شدید ذہنی اور اعصابی دبا کا شکار ہو چکے ہیں حکومت جلد از جلد ٹریننگ کا انعقاد کرکے وضع کردہ پروٹوکول کے نفاذ کو یقینی بنائے۔۔مزید برآں تمام طبی عملے کے لیب ٹیسٹ کیے جا ئیں۔ سیکورٹی کے انتظامات FC یا پولیس کے حوالے کئے جائیں۔ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر جلد از جلد تمام مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون شیخ زاید میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر مستقبل کی حکمت عملی وضع کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں