ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا کو شدید خطرات لاحق ہیں، بشریٰ رند

کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی دنیا کیلئے چیلنج ہے وسیع پیمانے پر جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ جنگلات اس سے بچنے اور منفی ماحولیاتی تبدیلیاں روکنے میں بہترین معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں درخت لگائے جارہے ہیں۔ اپنے بچوں کی بہترین مستقبل اور صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔بشری رند نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو بہترین پرفضا اور سرسبز وشاداب ماحول کی فراہمی کیلیے ضروری ہے کہ شجرکاری مہم کو کامیاب کیا جائے۔ زمین کو رہنے کے قابل بنانے اسکی کٹائی روکنے کیلئے درخت سب سے زیادہ معاون ہوتے ہیں۔ منظم اور وسیع پیمانے پر شجرکاری کرکے ہی ہم آنیوالی نسلوں کو بہتر فضا فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے جہاں معاشی فوائد ہیں وہیں یہ اسکی وجہ سے جنگلات کو دوبارہ آباد کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی حکومت کی شجرکاری منصوبے کو صوبے میں عملی جامہ پہنانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے کے طول و عرض میں شجرکاری مہم چلائی جارہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے مزید کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام حکومتی اقدامات کا ساتھ دیتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر صوبے اور ملک کو ماحولیاتی آلودگی کے منفی اثرات سے بچانے میں کردار ادا کریں۔ ماحولیاتی آلودگی اور اسکی وجہ سے پیدا ہونے والی وجوہات پر قابو پالیا جائے تو اس دنیا کو جنت نظیر بنایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں