کوئٹہ، وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قلعہ عبداللہ کو دو اضلاع اور لورالائی کو ڈویژن کے قیام کی منظوری

کوئٹہ(انتخاب نیوز) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ضلع قلعہ عبداللہ کو دو اضلاع بنانے اور لورالائی ڈویژن کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلی بلوچستان نے یہ منظوری صوبے بھر میں نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران دی۔اجلاس میں صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، انجنیئر زمرک خان اچکزئی، میر سلیم احمد کھوسہ، حاجی نور محمد دمڑ، مٹھا خان کاکڑ، حاجی محمد خان طور اتمان خیل، صوبائی مشیر ملک نعیم خان بازئی، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات،سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکرٹری بلڈنگ، سیکرٹری اطلاعات سمیت کمشنر کوئٹہ، کمشنر ژوب اور محکمہ قانون کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کمیٹی کی جانب سے صوبے میں نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بلوچستان بھر میں نئے اضلاع اور ڈویژن کے قیام سے متعلق پیش کردہ سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلی نے اس موقع پر صوبے بھر میں باقی اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام کے لئے کمیٹی کو تمام قانونی عوامل کا جائزہ لینے اور کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو محکمہ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے لینڈ الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی بلوچستان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام سے نہ صرف سروس ڈیلیوری، مالی اور انتظامی امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو تعلیم، صحت اور شہری سہولتیں ان کے علاقوں میں دستیاب ہوسکیں گی۔ وزیراعلی بلوچستان نے محکمہ بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کے لیے ریفارمز کمیٹی قائم کرکے تجاوز پیش کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔دنیا بدل رہی ہے ہمیں ماڈرن ریونیو کلیکشن اور ڈیجیٹائزیشن کی طرف جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں