جموں میں کورونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 6 ہوگئی

جموں میں مزید دو ڈاکٹروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے سے صوبہ میں وائرس متاثرہ ڈاکٹروں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، تاہم ان ڈاکٹروں میں سے ایک ڈاکٹر کو صحتیاب ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ایک متاثرہ ڈاکٹر کا نظام الدین میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کرنے والے ایک رکن کے ساتھ براہ راست رابطہ ہوا تھا۔متاثرہ سبکدوش ڈاکٹر بڑی برہمنا میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے کے بعد تبلیغی جماعت کے ایک کارکن جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، کے ساتھ رابطے میں آیا تھا۔منگل کی صبح جموں سے تعلق رکھنے والے ممتاز ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ جن ڈاکٹروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زیر تربیت ایک پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر بھی شامل ہے۔القمرآن لائن کے مطابق اس سے قبل جی ایم سی جموں میں محکمہ مائیکرو بیالوجی میں کام کرنے والے ایک ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ضلع ادھم پور سے تعلق رکھنے والی دانتوں کی ایک خاتون ڈاکٹر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم ان کے کٹھوعہ میں تعینات شوہر، جو پیشے سے ایک ڈاکٹر ہی ہیں، اور دیگر رابطے میں آنے والوں کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ صوبہ جموں میں کشمیر کی نسبت وائرس متاثرین کی تعداد کافی کم ہے۔ تاہم دونوں صوبوں میں لاک ڈاون جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں