لسبیلہ میں کورونا تیزی سے پھیلنے لگا،تعداد 62ہوگئی

حب:لسبیلہ میں کورونا وائرس کے 11 نئے کیسز سامنے آگئے، ضلع لسبیلہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لسبیلہ آصف انور شاہوانی کے مطابق ڈسٹرکٹ لسبیلہ میں کورونا وائرس کے مزید 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آچکی ہے، جبکہ تین ایسے افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جو پہلے ہی کورونا وائرس کا شکار ہو کر آئسولیشن کا مرحلہ گزار رہے تھے لسبیلہ میں نئے کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 62 ہو گئی ہے، جبکہ کورونا وائرس کو شکست دے کر 11 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لسبیلہ میں دو خواتین جانبحق ہوچکی ہیں اور ایک شخص کراچی کے اسپتال میں دوران علاج چل بسا جبکہ گذشتہ روز نئے کیسز میں ایک شخص کا تعلق کراچی اور 10 افراد کا تعلق لسبیلہ سے ہے، ضلعی ناظم صحت لسبیلہ ڈاکٹر آصف انور شاہوانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، عوام احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ اس وائرس کو علاقے میں مزید پھیلنے سے روکا جاسکے انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے تمام ٹیسٹ کراچی کے انڈس اسپتال لیباٹری سے کرائے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں