کوئٹہ میں مولوی محمد عمر جان اخوندزادہ کا قتل ناقابل تلافی نقصان ہے، افغان ترجمان

کوئٹہ (یو این اے) افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کوئٹہ میں گزشتہ رات افغان طالبان کے سینئر مشیر مولوی محمد عمر جان اخوندزادہ کو قتل کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلٹ فارم ایکس پر کہا کہ علما کا قتل افسوس ناک ہے، امارت اسلامیہ کو ملک کی بڑی علمی شخصیت کے جاں بحق ہونے پر شدید افسوس ہے۔ امارت اسلامیہ اس واقعے کو ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے پس ماندگان اور ان کے عقیدت مندوں سے اظہارِ تعزیت کرتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شیخ الحدیث مولوی محمد عمر جان اخوندزادہ کی تارگٹ کلنگ کی۔ مولوی محمد عمر جان اخوندزادہ کے قتل کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں