ترقی پسند رہنما مختار باچا کی رحلت، نیشنل پارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان

کوئٹہ (پ ر) نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا وحدت کے سابق صدر ممتاز ترقی پسند و قوم دوست شخصیت مختار باچا آج مورخہ 2مئی پشاور میں انتقال کرگئے ، وہ بائیں بازو کے عظیم رہنما تھے، بڑے عرصے تک کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان سے منسلک رہے، بعد ازاں بلوچستان نیشنل مومنٹ اور پھر نیشنل پارٹی میں متحرک کردار ادا کیا، کینسر کے مرض میں مبتلا ہوکر بڑے عرصے تک صاحب فراش رہے مگر علالت کی تکلیف بھی انہیں عوام دوستی کی جدوجہد سے الگ نہیں کرسکی۔ مختار باچا ترقی پسند اور قوم دوست حلقوں میں بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، ان کے انتقال سے نہ صرف نیشنل پارٹی بلکہ ملک بھر کے قوم دوست وطن دوست ترقی پسند اور عوام دوست حلقے ایک عظیم اور باکردار سیاسی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں۔ نیشنل پارٹی مختار باچا کے انتقال کے غم میں ان کے خاندان سے برابر کی شریک اور تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے، اس دوران پارٹی پرچم سرنگوں رہے گا اور پارٹی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ دریں اثنا نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سیکرٹری جنرل سینیٹر جان بلیدی اور دیگر مرکزی رہنماﺅں نے مختار باچا کو ان کی طویل جدوجہد اور استقامت و کمٹمنٹ پر سنہرے الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں