گوادر میں باڑ لگانے کا معاملہ، انتظامیہ کی یقین دہانی پر حق دو تحریک کا دھرنا موخر

گوادر (انتخاب نیوز) وشیں ڈھور میں کسی بھی قسم کی باڑ لگانے کی منصوبہ بندی نہیں بلکہ دو کچے راستوں کو بند کرنے کے لئے گڑھا کھودا گیا، حق دو تحریک کے ذمہ داران اور ضلعی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کے درمیان مذاکرات کامیاب، کل علاقہ مکین کے ساتھ اجلاس ہوگا۔ وشیں ڈھور نزد ایئرپورٹ گوادر کے اطراف میں گڑھا کھودنے کے معاملے پر حق دو تحریک بلوچستان کے ذمہ داران نے علاقہ مکین کے ہمراہ کوسٹل ہائی وے پر دھرنا دیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران نے رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی کہ یہاں کسی قسم کے باڑ لگانے کا ارادہ نہیں اور نہ ہی مستقبل میں کوئی منصوبہ ہے۔ یہ گڑھا دو کچے راستوں کو بند کرنے کے لئے کھودا جارہا تھا جس پر اگر علاقہ مکین کو خدشات ہیں تو کل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ علاقہ مکین کا اجلاس ہوگا اور ان کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔ حق دو تحریک بلوچستان کے ذمہ داران نے علاقہ مکین سے مشاورت کے بعد دھرنا کل اجلاس تک موخر کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں