خطے کی سیکورٹی صورتحال پر پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل

اسلام آباد (انتخاب نیوز) دفترخارجہ میں پاک امریکا مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور سیکیورٹی ایشوز پر بات چیت ہوئی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں امریکا کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان میں موجود ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان آنے والا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دفترخارجہ میں پاک امریکا مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، امریکی وفد کی قیادت قائم مقام انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور جان باس نے کی، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی مذاکرات میں شریک ہوئے۔سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات اور اس میں بہتری کے لیے مفصل جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں ممالک کی بات چیت میں خطے کی صورتحال اور سیکیورٹی معاملات بھی زیر غور ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وفد اتوار کی شب دوحہ سے پاکستان پہنچا، پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرنے والا یہ وفد 3 ارکان پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں