نمی کا تناسب بڑھنے سے کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں آگیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر میں منگل کو نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب شدید گرمی محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندری ہوائیں متاثرہونے کے سبب گرمی کی لہربدستورجاری ہے، منگل کو شہرمیں دوپہر کے وقت تیزدھوپ اورنمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے شدید گرمی رہی اور لو کے تھپیڑے بھی چلے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی گئی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے، بدھ اورجمعرات کو گرمی کا پارہ 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں پارہ کہیں پر4 دڈگری، کہیں 6 اورکچھ اضلاع میں 8 ڈگری تک معمول کے درجہ حرارت سے زیادہ بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے، منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجودڑومیں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں