وقت کا تقاضا ہے کہ ہم نفرت کی دیواریں گراکر محبت کے پل بنائیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم نفرت اور غلط فہمیوں کی دیواریں گرائیں اور محبت اور افہام و تفہیم کے پل بنائیں۔ اس کیلئے ہر صاحب رائے شخص نے اپنے حصے کا کردار ادا کر کے خوف، دوری اور بداعتمادی کے گرداب سے نکلنے کیلئے اس خلاء کو پ±ر کرنا ہوگا جو ہمارے درمیان فاصلے بڑھاتا ہے۔ گورنر بلوچستان نے واضح کر دیا کہ بلوچستان مزید دوریوں، نفرتوں اور تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتا لہٰذا ایسے پل بنانے ہوں گے جو ہمیں آپس میں جوڑیں، دیواریں نہیں جو ہمیں ایک دوسرے سے الگ تھلگ کر دیں۔ گورنر بلوچستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے تناظر میں تنوع ہی ہمارا ایک قیمتی اثاثہ ہے. گویا تنوع میں اتحاد محض ایک نعرہ نہیں ہے بلکہ تنوع میں اتحاد بلوچستان میں اباد تمام اقوام اور مذاہب کی ایک بہت بڑی ضرورت ہے. یہ بات خوش آئند ہے کہ آج بھی ہمارے درمیان مشترکات زیادہ لیکن اختلافات کم ہیں. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط و مستحکم بنانے سے ہم یونین کونسل کی سطح پر ہر ذی فہیم شخص کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے اور اپنے علاقے کے عوام کی خدمت کا موقع فراہم کر سکتے ہیں. ہم نوجوانوں کو یونین کونسل کی سطح پر مشغول رکھ کر ان کی صلاحیتوں اور جذبہ خدمت خلق سے بہت کام لے سکتے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ تاریخ میں بلوچستان مختلف اندرونی اور بیرونی وجوہات کی بنیاد پر تعمیر، تخلیق اور ترقی کی وہ منازل طے نہ کر سکا جن کے باعث ہم دیگر صوبوں کے مقابلے میں پیچھے رہ چکے ہیں. سردست ہمیں مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہیں کیونکہ قدرتی وسائل و معدنیات اور جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے ہمارے پاس وہ روشن امکانات ہیں جن کی بنیاد پر ہم بآسانی دوسرے صوبوں کے برابر آسکتے ہیں۔