کوئٹہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکورٹی اور نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا ہے، آئی جی پولیس بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا بنیادی مقصد امن وامان کے قیام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانااورجدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئٹہ میں سیکورٹی اور نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاناہے۔اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز احمد گورایا ، اے آئی جی آپریشن محمد عاصم ، پروجیکٹ ڈائر یکٹر سیف سٹی طارق بزنجو نے شرکت کی ۔ پراجیکٹ ڈائر یکٹر سیف سٹی نے آئی جی پولیس بلوچستان کو پراجیکٹ کے مختلف شعبہ جات اور کام کی نوعیت پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں دیگر ترقیاتی پراجیکٹس کی وجہ سے اکثر کوئٹہ سیف سٹی کے فیڈنگ فائبر کٹ جاتے ہیں جسکی وجہ سے اندرون شہر یا مختلف انٹری پوائنٹس کی فیڈز میں خلل پڑ ھ جاتی ہے اوربسا اوقات مانیٹرنگ متاثر ہو جاتی ہے جس کے لئے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کی ٹیم ان کیمروں کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے مسلسل کوشاں رہتی ہے ۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت نگرانی کیمروں کی تعداد مزید بڑھانے کے لئے دوسرے فیز پر پیش رفت تیز کرنے کے لئے اقدامات کریں اور جہاں پرحالیہ نصب کمیروں کی فیڈکسی بھی وجہ سے متاثر ہے ان کو جلد از جلد فعال کیا جائے ۔ بلائینڈ اسپاٹس اور زیادہ جرائم والے علاقوں میں کوریج کو وسعت دی جائے تاکہ باقی ماندہ فیڈز کے ذریعے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایت کی کہ تما م سرویلنس فیڈز اور ہنگامی خدمت کو مربوط کرنے کے لئے پولیس کے دیگر مواصلاتی نظام کوبھی جلد از جلد پراجیکٹ سے منسلک کیا جائے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے نظام کو فعال کر تے ہوئے پراجیکٹ کے ثمرات کو مزید نمایا ں کیاجائے ۔آئی جی پولیس بلوچستان نے سیف سٹی پراجیکٹ کی مجموعی کار کار دگی پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینا مذکورہ پراجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے تاہم اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں