بلوچستان سرمایہ کاری کیلئے موزوں خطہ ہے ، سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( این این آئی) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سرفراز بگٹی کی ذیر صدارت صوبے میں پرائیویٹ اسپیشل اکنامک زون کی تشکیل سے متعلق جائزہ اجلاس بدھ کے روز یہاں وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میر ظہور احمد بلیدی ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی حافظ عبدالباسط، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری خزانہ بابر خان، سیکرٹری انڈسٹریز درا بلوچ، ندا پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عمران اکرام ، عائشہ رشید نے شرکت کی اس موقع پر حکام کی جانب سے تربت میں نجی اکنامک زون کے مجوزہ منصوبے پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لئے موزوں خطہ ہے صوبے میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی اور نجی شعبہ میں روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے سرکاری سطح پر خصوصی اکنامک زون کی تشکیل کے ساتھ نجی اکنامکس زون کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نجی شعبہ کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ہر ممکن معاونت کی جائے گی اس ضمن میں نجی اکنامک زون کی تشکیل کے لئے قابل عمل منصوبوں پر عمل درآمد کی غرض سے صوبائی حکومت نجی شعبے سے ہر تعاون کرے گی وزیر اعلٰی بلوچستان نے محکمہ انڈسٹریز کے حکام کو ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں صوبائی سطح کی این او سیز کا اجراءبلا تاخیر کیا جائے تاکہ نجی شعبہ تشکیل دئیے گئے منصوبوں پر عمل درآمد کا آغاز کرسکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں