ریکوڈک منصوبے پر عملی کام کے آغاز کے بعد علاقے میں ترقی اور بہتری کا نیا دور شروع ہوا ہے، سی ڈی سی ممبران

نوکنڈی (نامہ نگار) کلی نوکچا سے سی ڈی سی ممبر ملک عبدالسلام محمدزئی اور حاجی محمد حسن محمدزئی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ان کا کلی گزشتہ پینتیس برسوں تک بنیادی سہولیات اور ترقیاتی حقوق سے محروم رہا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم ریکوڈک منصوبے پر عملی کام کے آغاز کے بعد علاقے میں ترقی اور بہتری کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے، جس سے عوام میں خوشی اور اطمینان کی فضا قائم ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک مائننگ کمپنی نے اپنی کمیونٹی انویسٹمنٹ پالیسی کے تحت کلی نوکچا میں صاف پینے کے پانی کے لیے آر او پلانٹ نصب کیا، جس سے برسوں پرانا پانی کا مسئلہ حل ہوا۔ اسی طرح بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا اور اسکول کی نئی عمارت تعمیر کی گئی، جس سے سینکڑوں بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تعلیم کے شعبے میں حوصلہ افزا اقدام کے طور پر کلی کے دو قابل اور ہونہار طلبہ کو کوئٹہ میں اسکالرشپ پر بھیجا گیا، تاکہ وہ معیاری تعلیم حاصل کرکے مستقبل میں علاقے اور ملک کی خدمت کرسکیں۔ صحت کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں انڈس میڈیکل ٹیم کی فراہمی سے عوام کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔ملک عبدالسلام محمدزئی نے کہا کہ یہ تمام ترقیاتی اقدامات کمپنی کے جنرل منیجر رائن مچل، کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ عیسیٰ طاہر سنجرانی اور کمیونٹی چیف میر لیاقت محمدزئی کی مسلسل محنت، خلوص اور عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، جو علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریکوڈک منصوبے کے تحت ترقی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا اور کلی نوکچا کے عوام کو مزید بنیادی سہولیات، روزگار کے مواقع اور بہتر معیارِ زندگی میسر آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے