عوام بدامنی سے تنگ آچکے، جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، شاہ نواز گل کو بازیاب کرایا جائے، آل پارٹیز پنجگور

پنجگور (بیورو رپورٹ) پنجگور آل پارٹیز شہری ایکشن کی طرف سے کیچ کی معروف شخصیت واجہ گل جان رند کے فرزند شاہِ نواز گل کے اغوا اور عدم بازیابی کے خلاف پنجگور میں احتجاجی ریلی نکالی گئی احتجاجی ریلی پنجگور بازار کے مختلف گلیوں سے ہوتے ہوئے بسم اللہ چوک کے قریب احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہوگئی، حکومت سے مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیاگیا۔ احتجاجی جلسہ میں آل پارٹیز کیچ گوادر کے رہنماﺅں سمیت مغوی کی فیملی کے افراد نے بھی شرکت کی، جلسہ کے شرکاءنے ایک قرار داد کے ذریعے شاہنواز اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ اس موقعے پر آل پارٹیز پنجگور کے چیئرمین علاءالدین ایڈووکیٹ آل پارٹیز مکران کے چیئرمین نواب شمبے زئی، بی این پی مینگل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میر نذیر احمد بلوچ، بی این پی عوامی کے ضلعی ڈپٹی آرگنائزر حاجی محمد یاسین زہری، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم بلوچ، نیشنل پارٹی کے قائمقام صدر کامریڈ مجیب، مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر اشرف ساگر، معروف سیاسی شخصیت کفایت اللہ بلوچ، جماعت اسلامی کے امیر مولانا نورمحمد مدنی، پیپلز پارٹی کے جاوید بادینی، کیچ کی معروف شخصیت خلیل تگرانی میران حیات، حق دو تحریک کے ضلعی آرگنائزر ملا فرہاد، تاجران کمیٹی پنجگور کے نائب صدر لعل دوست، بارڈر بچاﺅ تحریک کے نجیب سلیم اور دیگر مقررین نے احتجاجی جلسہ سے خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نیشنل پارٹی کے الطاف حسین اور بی این پی عوامی کے رہنما زبیر ایوب نے سرانجام دئیے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہنواز گل جان کے اغوا کے واقعہ کو اب ڈیڑھ ماہ ہونے کو ہے مگر اس طویل دورانیے میں نہ اسکے اغوا کاروں کا سراغ لگانے کی زحمت کی گئی ہے اور نہ انکی بازیابی کے لیے سنجیدہ کوششیں سامنے آرہی ہیں جس کی وجہ سے شاہنواز کی فیملی شدید کرب اور پریشانیوں کا سامنا کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ عوام کے جان ومال عزت وابرو کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست اور اس کے اداروں کی ہوتی ہے مگر افسوس کہ وہ اپنی ان ذمہ داریوں سے پہلوتہی برت رہے ہیں جس سے مکران میں ایک خوف اور مایوسی کی لہر دوڑ چکی ہے، ہر امن پسند قانون اور آئین کو ماننے والا شہری پریشان اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے کا ہر گز شوق نہیں ہے کیچ انتظامیہ اور حکومتی ادارے شاہنواز گل جان کو آج ہی بازیاب کریں تو ہم اپنا احتجاج اسی وقت ختم کرنے کا اعلان کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت پنجگور میں بھی لاقانونیت ہے شہری روزانہ چور اور ڈاکوﺅں کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں راتوں کو بازار کی دکانوں کے شٹر اور تالے توڑے جاتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے پہلی مرتبہ پنجگور کی تمام پارٹیاں ایک پیج پر آگئی ہیں، اتحاد واتفاق کا دامن پکڑ کر ہم پنجگور کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں کیچ کے افسوناک واقعہ نے ہمیں اتحاد کا درس دیا ہے حکومت شاہنواز گل جان کو فوری طور پر بازیاب کرائے اور جو عناصر اس واقعہ میں ملوث ہیں انکو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ آج ہم مکران کی سطح پر احتجاج کررہے ہیں اگر شاہنواز کی بازیابی میں مزید تاخیر ہوئی تو ہم اس احتجاج کو صوبائی سطح پر لیکر جائیں گے، مکران کے عوام بدامنی سے کافی تنگ آچکے ہیں نوجوانوں کو اٹھاکر لے جانا اچھی روایت نہیں بلکہ اس سے عوام میں مزید خوف اور ڈر کی فضا جنم لے گی حکومت معاملات فہمی کا مظاہرہ کرے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرے تاکہ مکران کے عوام کو یہ احساس اور یقین ہو کہ حکومت اور اسکے ادارے ان کے جان ومال وعزت آبرو کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہمارا احتجاج شیڈول کے مطابق شاہنواز گل جان کی بازیابی تک جاری رہے گا۔ جلسہ کے آخر میں آل پارٹیز مکران کے کنوینر نواب شمبے زئی نے پنجگور کی تمام سیاسی جماعتوں، تاجران کمیٹی، بارڈر ٹریڈ یونینوں، سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے کیچ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے شاہنواز گل جان کی فیملی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے اس مسئلے کو پنجگور کا مسئلہ سمجھ کر ہر سطح پر ساتھ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے