حکومت ہڑتال کے دوران گرفتار سیاسی کارکنوں اورشہریوں کوفوری طور پر رہا کرے ،پشتونخوامیپ
کوئٹہ ( این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں تمام ملک اور بالخصوص ہمارے صوبے میں کامیاب پر امن پہیہ جام وشٹر ڈاﺅن ہڑتال پرسیاسی جمہوری پارٹیوں اور زندگی کے تمام مکتبہ فکر کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے مسلط حکومت کی جانب سے نہتے کارکنوںو عوام پر آنسو گیس ،شیلنگ ، لاٹھی چارج ،اندھا دھند فائرنگ کرکے کارکنوں کو زخمی کرنے کے واقعہ اور صوبے بھر میں 200کے قریب سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ وپشتونخوامیپ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی کال پر ملک بھر میں پہیہ جام وشٹرڈاﺅن ہڑتال کے اعلان پرتمام سیاسی جمہوری پارٹیوں ،جمہوری قوتوں ،سماجی ، معاشرتی تنظیموں، جمہوریت پسند عوام ، ٹرانسپورٹرز ، زمینداروں، تاجروں، فروٹ وسبزی منڈی ، تندور ایسوسی ایشن ، رکشہ ایسوسی ایشن، ٹینکر ایسوسی ایشن ، ہوٹل ایسوسی ایشن، ڈیری فارمز ایسوسی ایشن ، ٹوڈی کار سروس ایسوسی ایشن ، لوکل بس ومزدا ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، موٹر سائیکل شورومز ایسوسی ایشن، موبائل ایسوسی ایشن ، ٹینکرایسوسی ایشن ، زرنج رکشہ یونین سمیت مختلف انجمنوں اور زندگی کے دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے پہیہ جام وشٹرڈاﺅن کی حمایت کااعلان کیا جس پر پشتونخواملی عوامی پارٹی کا ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ عوام کی حمایت مسلط حکومت سے بیزاری اور نجات کے لیے ریفرنڈم تھا اور حکومت کو فوری طور پر عوام کے حقیقی مینڈیٹ کو واپس کرنے، تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے ملک میں از سر نو صاف شفاف انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے اور خودمختار الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کرانے اور اقتدار جیتنے والی سیاسی جمہوری پارٹی کے حوالے کرنے اور خودمختار پارلیمنٹ کے قیام جس کے ذریعے خارجہ وداخلہ پالیسیوں کی تشکیل ہو کا مطالبہ کیا گیا ہے جس پرپشتونخوامیپ تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں، سماجی ، معاشرتی تنظیموں اور تمام عوام کو داد تحسین پیش کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں متفقہ آئین کی بحالی ، جمہورکی حکمرانی ، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام ، عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ، سیاست میں اداروں کی مداخلے کے رول کے خاتمے کے لیے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جدوجہد جاری رہی گی ۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام زخمیوں کے فوری علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے کوئٹہ ، قلعہ سیف اللہ ، چمن ، لورالائی اور دیگر اضلاع میں گرفتار سیاسی جمہوری کارکنوں اور کم عمربچوں کو فوری رہا کیا ئے اور پولیس کی جانب سے وحشیانہ تشدد، فائرنگ کرنے اورچمن میں سفید ریش شہریوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے جنہوں نے انسانی بلکہ پشتون بلوچ اعلیٰ روایات کو پائمال کیا اورانسانیت سوز جرم کے مرتکب ہوئے۔


