قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں، شہری کو تھپڑ مارنے والے پولیس اہلکار کو برطرف کردیا، انصاف کے تقاضے پورے کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ہڑتال کے دوران گرفتار ایک شہری پر پولیس اہلکار کے مبینہ تشدد کے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکار کی جانب سے شہری کو تھپڑ مارنے کے واقعے پر شدید اظہارِ ناپسندیدگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی تاہم پولیس اہلکار کی جانب سے اس نوعیت کا غیر انسانی اور غیر پیشہ ورانہ رویہ بھی ناقابل قبول ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی عزتِ نفس کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور یہ امر پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت اور ذمہ داریوں کا بھی لازمی حصہ ہے سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکار کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کے تحفظ اور شہریوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور کسی بھی سرکاری اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا


