تیراہ کے آئی ڈی پیز کن مشکلات سے گزر رہے ہیں بخوبی احساس ہے سیکیورٹی خدشات کے باعث یہاں آنے سے روکا گیا، روبینہ خالد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے الحاج مارکیٹ پی ڈی ایم اے رجسٹریشن پوائنٹ، باڑہ خیبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تیراہ سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز سے ملاقات کی اور وہاں تعینات بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی موبائل رجسٹریشن وین (MRV) کے ذریعے مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ عملے کو شکایات کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ خواتین کی مکمل رہنمائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں رجسٹریشن کے عمل کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے مستحق خواتین سے کہا کہ وہ دلیر بنیں اور اپنے ساتھ ہونے والی ہر ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ہر مشکل گھڑی میں مستحق خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بخوبی احساس ہے کہ آئی ڈی پیز کن مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی خدشات کے باعث یہاں آنے سے روکا گیا، لکین ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نڈر کارکن ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا فرض ہے کہ وہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کو شناختی دستاویزات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے موقع پر نادرا کی رجسٹریشن وین بھی موجود ہے، جہاں شناختی کارڈ اور بچوں کے ب فارم کے حصول کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ بی آئی ایس پی میں رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ اور بچوں کے ب فارم کی ضرورت ہوتی ہے، اور جن خواتین کے پاس یہ دستاویزات موجود نہیں، وہ یہاں موجود وین سے باآسانی یہ سہولت حاصل کر سکتی ہیں۔میڈیا نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد خواتین سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل جاننا اور ان کے حل کے لیے مو¿ثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی سہولت کے لیے موبائل رجسٹریشن وین موجود ہے تاکہ جو خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کروانا چاہتی ہیں، وہ باآسانی اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ جو خواتین مقررہ غربت اسکور پر پورا اتریں گی، انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور پروگرام کے تحت دستیاب تمام فوائد فراہم کیے جائیں گے۔سینیٹر روبینہ خالد نے باڑہ میں قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا، فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جناب الف جان آفریدی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے