عزیز لاسی کی صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جام کمال
اوتھل (یو این اے)وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی نے حالیہ ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سینئر صحافی عزیز لاسی، صحافی عمر لاسی کی پوتی اور نوجوان وقار احمد بنگش کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی بیان میں جام کمال خان نے کہا کہ ان افسوسناک حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دردناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزیز لاسی مرحوم ایک سینئر اور ذمہ دار صحافی تھے جن کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر نے صحافی عمر لاسی کی پوتی اور وقار احمد بنگش کے کم عمری میں انتقال پر بھی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان جانوں کا ضیاع نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ پوری برادری کے لیے شدید صدمے کا باعث ہے۔ جام کمال خان عالیانی نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔


