حکومت کا حیربیار مری اور براہمداغ بگٹی کے سر کی قیمت 10،10 لاکھ، کالعدم بی ایل اے کے بشیر زیب اور رحمان گل کے 25، 25 کروڑ روپے مقرر
ویب ڈیسک: بلوچستان کی حکومت نے 39 افراد کے نام اور تصاویر اخبارات میں شائع کرتے ہوئے انہیں انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دیا ہے اور ان کے سروں کی قیمت مقرر کی ہے۔ ان میں کالعدم بی ایل اے کے سربراہ بشیر زیب اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر رحمان گل کے علاوہ حیربیار مری اور براہمداغ بگٹی جیسے نام بھی شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے بدھ کی صبح کوئٹہ کے بڑے اخبارات کے صفحہ اول پر ’انتہائی مطلوب دہشتگرد‘ کے عنوان سے نصف صفحے کا ایک اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں ان افراد کے نام، عرفیت، پتے اور تصاویر شامل ہیں۔ اشتہار میں ان افراد کے بارے میں مدد دینے والوں کے لیے پانچ لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر یہ رقم ایک ارب 38 کروڑ روپے بنتی ہے۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ مستند، درست اور قابل عمل معلومات پر فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ اطلاع دینے والے کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے دو ہیلپ لائن نمبرز 1719 اور 1213 بھی دیے گئے ہیں۔سب سے زیادہ انعام کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سربراہ بشیر زیب عرف کامریڈ بشیر اور بی ایل اے کی ذیلی تنظیم ’مجید بریگیڈ‘ کے کمانڈر رحمان گل عرف استاد مرید کے لیے مقرر کیا گیا ہے جن کے سروں کی قیمت 25، 25 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ دونوں کا تعلق نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔


