نوشکی کے قریب31 جنوری کو تباہ کئے گئے دو ریلوے پلوں کی مرمت کا کام سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث شروع نہیں ہوسکا
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں نوشکی کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے 31جنوری کو تباہ کئے گئے دو ریلوے پلوں کی مرمت کا کام سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث شروع نہیں ہوسکا ، کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی آمد ورفت بحال نہ ہونے سے پاکستان کا ریل کے ذریعے ایران سے رابطہ منقطع ہے ۔ریلوے حکام کے مطابق 31جنوری کودہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر نوشکی کے قریب گلنگور اور کشنگی ریلوے اسٹیشنوں کے ساتھ بنے ریلوے کے دو پلوں کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردینے سے کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی آمد ورفت معطل اور پاکستان کا ریل کے ذریعے ایران سے رابطہ منقطع ہے،ریلوے حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث دس روز سے پلوں کی مرمت کاکام شروع نہیں ہوسکا ہے ۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ایک ہفتے میں مرمتی کاکام مکمل کردیا جائے گا۔


