این اے 256 خضدار کا ضمنی انتخاب، بی این پی عوامی کے سربراہ اسرار اللہ زہری نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے
خضدار (رپورٹ: منیر احمد زہری) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے قائد سابق وفاقی وزیرمیر اسرار اللہ خان زہری نے آج خضدار کی قومی اسمبلی کی نشست (این اے 256) کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کردیے ہیں۔ یہ اقدام ریٹرننگ آفیسر ڈی آر او عبدالنبی شیخ کے پاس کیا گیا۔ جس میں بی این پی عوامی خضدارکے ضلعی آرگنائزر منیر احمد زہری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی عبدالوہاب موسیانی، ضلعی ڈپٹی آرگنائزر شمس الدین میروانی، تحصیل آرگنائزر حافظ محمد صادق زہری و دیگر پارٹی عہدیداروں کی قیادت میں کاغذات نامزدگی جمع کیے گئے۔ اس دوران سیاسی رہنماءبڑی تعداد میں ریٹنڑنگ آفیسر کے آفس میں موجود تھے۔ اس موقع پر بی این پی عوامی کے ضلعی آرگنائزر منیر احمد زہری، مرکزی رہنما حاجی عبدالوہاب موسیانی، تحصیل آرگنائزر حافظ صادق زہری نے کہا ہے کہ بی این پی عوامی کے قائد اسرار اللہ خان زہری خضدار کے عوام کے بہتر مستقبل کی امید ہیں وہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے خواہاں ہیں، اسرار اللہ خان زہری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد رہنماﺅں نے کہا کہ وہ خضدار کے عوام کی خدمت کیلئے پرعزم ہیں، وہ خضدار کے عوام کے حقوق کیلئے قومی اسمبلی کے فلور میں سیاسی جنگ لڑیں گے اور یہاں کے مفلوک الحال عوام کی آواز قومی اسمبلی میں بہترین انداز میں بلند کریں گے۔


