پنجگور میں گاڑی میں سوار بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے، شاہدر ند
کوئٹہ(آن لائن)حکومت بلوچستان نے پنجگور کے علاقے نوکور چیدگی بارڈر کے قریب پیش آنے والے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے معاون وزیر اعلی بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے گاڑی میں سوار بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس افسوسناک سانحے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنائیں انہوں نے واضح کیا کہ ذمہ داران کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی امن عامہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی معاون وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید شواہد اور تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں اور تفتیشی عمل تیزی سے جاری ہے شاہد رند نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔


