اسلام آباد، وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی کی ایچ ای سی کے نو منتخب چیئرمین سے ملاقات تعلیمی اور انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال

گوادر (بیورو رپورٹ) وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اسلام آباد کا باضابطہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے نو منتخب چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے انہیں چیئرمین ایچ ای سی کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناﺅں کے اظہار کے طور پر گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے گوادر یونیورسٹی کی مجموعی تعلیمی پیش رفت، انتظامی اصلاحات، جاری ترقیاتی اسکیموں اور مستقبل کے اسٹریٹجک منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ایک نو قائم شدہ جامعہ کو درپیش چیلنجز، بالخصوص معیاری فیکلٹی کی تقرری، مستقل کیمپس کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ریسرچ کلچر کے فروغ، نئے تعلیمی پروگرامز کے اجراء، اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی جیسے اہم امور پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے گوادر یونیورسٹی کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے ادارے کی استعداد کار میں اضافے اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے انہیں گوادر کے دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور موزوں موقع پر گوادر کا دورہ بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں گے۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے ایچ ای سی کے نو مقرر ہونے والے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ادارہ جاتی روابط کے استحکام، کوالٹی انہانسمنٹ، ایکریڈیٹیشن کے تقاضوں، ترقیاتی گرانٹس، اور پالیسی سطح پر معاونت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ ایچ ای سی گوادر یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں