پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں سے 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے، پی ڈی ایم اے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دو روز کے دوران بارشوں اور طوفان سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں کم ازکم 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا متاثر ہوا ہے جہاں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران تیز بارش، آندھی اور فلیش فلڈز کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے سات افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، چار بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں اور فلیش فلڈز کے باعث مجموعی طور پر 38 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 36 گھروں کو جزوی جبکہ دو گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے دو افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب کے مطابق اٹک میں تیز آندھی اور بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق خوشاب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بارشوں کے باعث ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ سرکاری حکام کے مطابق یہ واقعہ شہر کی نئی آبادی والے علاقے اکاخیل میں پیش آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے