کوئٹہ میں ہائی الرٹ، شہر بھر میں ناکہ بندی، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک بحال، سیکورٹی ذرائع
کوئٹہ (یو این اے) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ممکنہ سیکورٹی خدشات اور تھریٹ الرٹ کے پیش نظر شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال کے باعث فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر شہر کے مختلف حساس مقامات پر سرچ آپریشن، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز، بازاروں، چوراہوں، حساس سرکاری عمارتوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جہاں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی مکمل تلاشی کے ساتھ قومی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ کو تقریباً 24 گھنٹے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کردیا، جس کے بعد مسافر گاڑیوں اور مال بردار ٹرانسپورٹ کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔ تاہم شاہراہ پر مختلف مقامات پر سخت چیکنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق تھریٹ الرٹ کے بعد حفاظتی اقدامات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ حساس تنصیبات، سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ فوری ردعمل کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ سیکورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور اگر کسی ضروری کام کے لیے باہر جانا ناگزیر ہو تو اپنا قومی شناختی کارڈ، گاڑی کے رجسٹریشن کاغذات، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری دستاویزات لازما اپنے ساتھ رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


