بی آئی ایس پی کا مقصد خواتین کا معاشی تحفظ ہے، آصفہ بھٹو کو پروگرام پر بریفنگ
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقے کی معاونت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔بی آئی ایس پی سے متعلق بریفنگ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت خواتین کی معاشی خودمختاری اور ان کی فعال شمولیت کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے اجلاس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی محض نقد امداد تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مربوط، ڈیجیٹل اور بااختیار بنانے والے سماجی تحفظ کے نظام کی طرف بڑھ رہا ہے۔بریفنگ کے دوران خاتونِ اول کو بینظیر کفالت، بینظیر تعلیمی وظائف، بینظیر نشوونما، بینظیر ہنرمند پروگرام سمیت دیگر اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی کیش لیس اکانومی مہم کے تحت ڈیجیٹل شعبے میں پیش رفت جاری ہے، جس کے تحت ایک کروڑ سے زائد مستحقین کو ڈیجیٹل سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے باقاعدہ مالیاتی نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔


