اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی موثر اور قابل عمل فریم ورک ہے، پاکستان امریکا ایران امن کوششوں سے دستبردار نہیں ہوا، دفتر خارجہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان امن کوششوں سے دستبردار ہونے کا تاثر مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کشیدگی وقتی طور پر غالب ہے، امید ہے کہ بالآخر امن اور مذاکرات کی سوچ کامیاب ہوگی، امن کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا تاہم وقتی تعطل کا شکار ہوسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی موثر اور قابل عمل فریم ورک ہے، فریقین جب کشیدگی کا راستہ چھوڑیں گے تو امن کی واپسی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ممکن ہوگی، مفاہمتی یادداشت نہ ختم ہوئی ہے، نہ غیر موثر ہوئی ہے، اس کی اہمیت برقرار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کا پاکستانی موقف آج بھی برقرار ہے، پاکستان نے ہرملک پر مسلح حملوں کی مذمت کی اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر زور دیا، تنازع کے ہر مرحلے میں پاکستان کا بنیادی موقف مستقل رہا کہ امن اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، تمام فریقوں کو بالآخر مذاکرات کی میز پر آ کر اپنے تمام اختلافات حل کرنا ہوں گے۔ طاہر اندرابی نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن کے لیے بنیادی فریم ورک جبکہ 22 جون کے پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیے میں عملدرآمد کا روڈ میپ موجود ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امن، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک موثر فریم ورک ہے، تمام فریقین پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیے کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔


