زیارت میں سیکورٹی کے نام پر نایاب جنگلات کو تباہ کیا جارہا ہے، پشتونخوا نیپ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز میں ضلع زیارت کے تاریخی، نایاب اور عالمی شہرت یافتہ صنوبر کے جنگلات، بالخصوص خنڈی سر، پراسپیکٹ پوائنٹ اور گرد و نواح میں سیکورٹی کے نام پر صدیوں پرانے صنوبر کے درختوں کی مسلسل اور بے دریغ کٹائی پر شدید تشویش، سخت احتجاج اور گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قدرتی ماحول، قومی ورثے اور تاریخی اثاثوں کی تباہی ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے مستقبل پر ایک سنگین حملہ بھی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زیارت کے صنوبر کے جنگلات دنیا کے قدیم ترین قدرتی جنگلات میں شمار ہوتے ہیں، جن کی عمر سینکڑوں بلکہ بعض مقامات پر ہزاروں سال تک بتائی جاتی ہے۔ یہ جنگلات صوبے، پشتونخوا وطن اور پورے ملک کی قدرتی، تاریخی، ثقافتی اور ماحولیاتی شناخت کی علامت ہیں۔ ان جنگلات کا تحفظ ریاست، حکومت، محکمہ جنگلات اور متعلقہ اداروں کی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان کی حفاظت کے بجائے انہیں سیکورٹی کے نام پر تباہ کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں