نوشکی میں 31 جولائی تک کرفیو نافذ، عوامی اجتماعات اور گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد، محکمہ داخلہ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان محکمہ داخلہ نے ضلع نوشکی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کردیا ہے۔ حالیہ دہشت گرد حملے اور مزید حملوں کے خدشے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکومت بلوچستان محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع نوشکی میں 28 جولائی 2026 رات 8:00 بجے سے 31 جولائی 2026 رات 8:00 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، تمام عوامی اجتماعات، جلسے، جلوس اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، صرف وہی افراد نقل و حرکت کریں جنہیں ضلعی انتظامیہ یا مجاز حکام کی جانب سے اجازت حاصل ہو۔ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔.


