سرکاری جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے 93 کروڑ روپے کے فنڈز جاری
کوئٹہ(این این آئی ) حکومت بلوچستان نے سرکاری جامعات کے ملازمین کی اگست 2026 کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے 93 کروڑ 6 لاکھ 31 ہزار 461 روپے کے فنڈز جاری کردیئے۔محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو جاری مراسلے کے مطابق یونیورسٹی آف بلوچستان کو 31 کروڑ 22 لاکھ 20 ہزار 859 روپے، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کو 19 کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار 549 روپے اور سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کو 10 کروڑ 64 لاکھ 31 ہزار 995 روپے شامل ہیں۔اسی طرح بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے لیے 6 کروڑ 6 لاکھ 45 ہزار 689 روپے، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے لیے 10 کروڑ 33 لاکھ 49 ہزار 317 روپے اور یونیورسٹی آف تربت کے لیے 5 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 880 روپے جاری کیے گئے۔مراسلے کے مطابق دیگر جامعات میں یونیورسٹی آف لورالائی، میر چاکر رند یونیورسٹی سبی، یونیورسٹی آف گوادر، بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، یونیورسٹی آف مکران پنجگور اور یونیورسٹی آف بلوچستان خاران کیمپس بھی شامل ہیں۔محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ جاری شدہ فنڈز گرانٹ اِن ایڈ رولز 2022 اور دیگر مالیاتی قواعد و ضوابط کے مطابق خرچ کیے جائیں۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری شعبے کی جامعات اس رقم کو یونیورسٹی فنانس کمیشن کے سامنے اگلی میٹنگ میں منظوری کے لیے پیش کریں اور یکم ستمبر 2026 سے گرانٹ اِن ایڈ کی رقم متعلقہ اسائنمنٹ اکاو¿نٹس کے ذریعے جاری کی جائے۔


