پارٹی قائد نواز شریف نے محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کی ہدایت کی ہے، رانا ثناءاللہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور اور سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے اپنی جماعت کی قیادت کو محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کا کہا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ’نظام ڈھے چکا ہے۔‘اس پر انھیں پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے قائدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پیغام میں محسن نقوی کو پارلیمان اور کابینہ کا فورم استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا اور طنزاً لکھا تھا کہ ’سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں۔‘تاہم گذشتہ روز یہ خبریں آئیں کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کی سینیئر قیادت کو ہدایت کی ہے کہ محسن نقوی کا نظام تباہ ہونے کا بیان نظر انداز کیا جائے۔’اس بحث کو مزید الجھانے کے بجائے پارٹی قیادت کی طرف سے یہی ہدایت ہے کہ اسے نظر انداز کیا جائے کیوں کہ یہ بے معنی گفتگو ہے، اس کا کوئی سیاق و سباق نہیں ہے۔


