ہرنائی کے پہاڑی علاقے میں یوفون ٹاور کو نقصان، پان غر میں انٹرنیٹ سروس 10 روز سے معطل

ہرنائی (این این آئی) ضلع ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نصب یوفون کے مواصلاتی ٹاور کو نامعلوم افراد کی جانب سے نقصان پہنچانے کے باعث ضلع کے ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت دیہی علاقوں میں یوفون کی انٹرنیٹ ڈیٹا سروس گزشتہ 10 روز سے مکمل طور پر معطل ہے۔تفصیلات کے مطابق ہرنائی، شاہرگ، کھوسٹ، اسپین تنگی، ناکس، زردالو اور گردونواح میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب حکومت نے محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کی حاضری اور اہم خدمات کو آن لائن کر دیا ہے۔ سروس کی بندش کے باعث محکمہ صحت کے ملازمین اپنی روزانہ کی رپورٹنگ اور ڈیٹا انٹری مکمل کرنے سے قاصر ہیں۔ اسی طرح آن لائن کلاسز لینے والے طلبہ، کاروباری افراد اور عام صارفین بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس روز سے یوفون کمپنی نے انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔ کمپنی صارفین کو نئے پیکجز کی فروخت میں مصروف ہے لیکن صارفین کی مشکلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔شہریوں اور تاجر برادری نے اعلیٰ حکام اور یوفون انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور پان غر کے ٹاور کی مرمت کر کے ضلع بھر میں انٹرنیٹ سروس فوری بحال کروائیں، تاکہ عوام، طلبہ اور سرکاری ملازمین کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں