قومی شاہراہوں پر امن و امان اور محفوظ سفر کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں،ٹرانسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (آئی این پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی کی قیادت میں ٹرانسپورٹرز اور گڈز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل، قومی شاہراہوں کی صورتحال، امن و امان اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفد نے ٹرانسپورٹرز اور گڈز ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل، قومی شاہراہوں کی موجودہ صورتحال اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق مختلف معاملات سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹرز اور گڈز ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر امن و امان کے قیام اور مسافروں و ٹرانسپورٹرز کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکومت ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مشکلات کے مستقل حل اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔پرامن شاہراہیں بلوچستان کی معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں، اسی لیے حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے ایسے فیصلے کیے جائیں گے جن سے عوام اور کاروباری برادری دونوں کو سہولت میسر آئے۔حکومت بلوچستان تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ نقل و حمل کے نظام کو مزید محفوظ، موثر اور فعال بنایا جا سکے۔


