بلوچستان میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو دہشت گردی کے خلاف جاری قومی مہم کی ایک اہم کامیابی ہے ۔ ایک جاری بیان میں ان کہنا تھا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے غیر ملکی سرپرست اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے پرامن ماحول کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز مصروف عمل ہیں۔۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ادارے کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، عوامی تعاون اور اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں، مگر ان کے تمام مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جاری قومی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ صوبے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں