بلوچستان مختلف ثقافتوں اور روایات کا امین ہے،عبدالخالق ہزارہ
کوئٹہ:صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ بلوچستان مختلف ثقافتوں اور روایات کا امین ہے کھیلوں کے فروغ سے صوبے کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر ہوگا۔صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے۔موجودہ حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور مقابلوں کے انعقاد کے لیے اسپورٹس فنڈز کی فراہمی، اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ پریمئر لیگ کے موقع پر ہزارہ اسٹار اور ہزارہ گرین کے مابین میچ کی اختیامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لہذا نوجوان کھلاڑیوں کو حکومتی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان کوآباد رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے،صحت اور توانا دماغ ہی ہماری بقاء کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی پہچان صحت مندانہ سرگرمیاں ہوتی ہے اسی طرح تمام کھیلوں کے کھلاڑی معاشرے کو مضبوط بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی چاہے انکا تعلق جس کھیل سے بھی ہو معاشرے کا ذمہ دار فرد ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دیگر نوجوانوں کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں میں مصروف رکھ کہ معاشرتی برائیوں سے دور رکھے انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت کرکے ملک اور قوم کی ترقی اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔


