مغربی بائی پاس پر پھٹنے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کے باوجود گیس کی سپلائی تواتر کے ساتھ بحال نہ ہوسکی
کوئٹہ (آن لائن) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے گزشتہ دنوں دھماکے سے مغربی بائی پاس پر پھٹنے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کے باوجود گیس کی سپلائی تواتر کے ساتھ بحال نہ ہوسکی جس کی وجہ سے کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاﺅن ، پائند خان روڈ، شابو، نواں کلی سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں اور سردی کی شدت میں اضافے کے باعث گیس پریشر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سردی سے بچنے اور خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی جانب سے صارفین کو رات ساڑھے نو بجے کے بعد صبح ساڑھے چھ بجے تک گیس کی فراہمی معطل رکھنے اور صبح ساڑھے چھ بجے سے رات نو بجے تک گیس کی فراہمی بحال رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن گزشتہ چند روز سے حالیہ بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے گیس پریشر تا حال بحال نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے عوامی حلقوں نے گیس حکام سے اپیل کی ہے کہ سردی کے دوران گیس پریشر کی بحالی کو یقینی بناکر عوام کو مشکل سے چھٹکارا دلاجائے۔ صوبائی حکومت اور ارباب اختیار گیس پریشر میں کمی اور گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو اس صورتحال سے نجات کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔


