ایف آئی اے کی رپورٹ نے حکومت کی بنیادیں ہلا دی ہیں‘قمر زمان کائرہ
لاہور، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ نے حکومت کی بنیادیں ہلا دی ہیں،اس رپورٹ میں ملوث جہانگیر ترین، خسروبختیار اور ق لیگ کا عمران خان کو وزیراعظم بنانے میں کلیدی کردار تھا۔چینی پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کابینہ نے کیا تھا،اس فراڈ میں پوری حکومت ملوث ہے۔عمران خان کہا کرتے تھے کپتان کرپٹ نہ ہو تو ٹیم کرپشن نہیں کرسکتی۔جہانگیر ترین کے جہاز کے بغیر پی ٹی آئی کی پنجاب میں حکومت سازی ممکن نہ تھی۔جہانگیر ترین سبسڈی وصول کرنے کی تصدیق کر چکے،فرانزک رپورٹ کی کیا ضرورت ہے۔ وزیراعظم اس سرکاری جرم پر اپنی ناکامی تسلیم کریں اور ذمہ داران کو جیل بھیجیں۔ دریں اثنا پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی رپورٹ نے اس جعلی حکومت کے منظم معاشی جرائم کو بے نقاب کیا اس معاملے میں ملوث افراد سے فوری طور پر استعفی لیا جانا چاہئے عمران خان اور کابینہ نے جب خود اجازت دی تو وہ ذمہ داری بھی خود قبول کریں وزیراعظم خان یہ کیس فوری طورپر نیب کو بھیجیں۔ ایک سسٹمیٹک طریقے سے سبسڈی کے بہانے یہ عوام کا پیسہ چرایا گیا۔ سبسڈی کینام پر کابینہ نے لوٹ کھسوٹ کی خود اجازت دی۔ یہ ایک اوپن اور شٹ کیس ہے،اس میں فرانزک کی کیا ضرورت ہے۔ با اثر ملوث چہرے بچانے کیلئے نئے ہتھکنڈے بروئے کار لانے جارہے ہیں۔سپریم کورٹ کو فوری طور پر اس معاملے پر سووموٹوایکشن لینا چاہیے۔