معروف بھارتی اداکاروپروڈیوسرللت بہل کورونا کے باعث چل بسے

ممبئی(آئی این پی)بھارتی فلموں کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر للت بہل کورونا کے باعث چل بسے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے بیٹے کانو بہل جو خود بھی ہدایت کار ہیں انہوں نے اپنے والد کی موت کی خبر کی تصدیق کی۔ 70 سالہ اداکار کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔کانو بہل نے کہا کہ ان کیوالد للت بہل دل کی بیماری میں بھی مبتلا تھے ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا اور پھر ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی اور کورونا کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ چل بسے۔للت بہل کو بنیادی طور پر اسٹیج اداکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بطور ہدایت کار اور پروڈیوسر ٹیلی فلم تپش، آتش اور سنہری جلد میں کام کیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں تتلی نامی ڈرامے میں کام کیا تھا جو ان کے بیٹے کی ہدایت کاری میں بنا تھا۔ اس کے علاوہ وہ مکتی بھون ڈرامے میں بھی کام کرچکے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں