افغانستان؛ گورنر ہاوس میں مقابلہ حسن قرات کی تقریب پر راکٹ حملہ

تقریب میں نامعلوم مقام سے راکٹ داغا گیا، تین طلبا اور عملے کے دوارکان زخمی ہوگئے،افغان میڈیا
کابل(این این آئی)افغانستان کے صوبے کنڑ کے گورنر ہاوس میں مقابلہ حسن قرات کی تقریب میں راکٹ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے کنڑ کے گورنر ہاوس میں طلبا کے درمیان حسن قرات اور قرآن کوئز کی تقریب میں نامعلوم مقام سے راکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں 3 طلبا اور عملے کے 2 ارکان زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں سے دو حالت کی نازک بتائی جارہی ہے۔ خوش قسمتی سے گورنر اقبال سعید حملے میں محفوظ رہے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔دوسری جانب صوبے لوگر کی قیمتی تانبے کی کان کی حفاظت پر مامور پولیس پارٹی پر طالبان جنگجووں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور جاتے ہوئے اسلحہ اور پولیس کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ادھر صوبے قندھار میں بارودی سرنگ دھماکے میں اسپیشل پولیس کے ضلعی چیف وارث اچکزئی ہلاک ہوگئے جب کہ ان 4 محافظ شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں