حاجی زابد ریکی کے الزامات بے بنیاد: حقیقت سے کو ئی تعلق نہیں،میر عارف محمد حسنی

کوئٹہ:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمد عارف محمد حسنی نے اپنے بیان میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی زابد ریکی کے اسمبلی اجلاس کے موقع پر سرکاری آفیسروں پر بلاجواز تنقید کو بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈی سی واشک شفقت شاہوانی ایک باکردار، فرض شناسی اور نہایت قابل آفیسر ہیں جن کی محنت اور کوششوں سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نہ صرف بہتری آئی بلکہ بھتہ خوری کے سدباب کے ساتھ ساتھ ضلع کے مختلف محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہونا انکی شب و روز محنت کا ثمر ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حاجی زابد ریکی کے الزامات جس میں انہوں نے اور جنرل قادر بلوچ نے زمینوں پر قبضہ کی بات کی ہے یہ سب بے بنیاد الزامات ہیں جن کا حقیقت سے کو تعلق نہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ زمینوں پر قبضہ دراصل ان دونوں موصوفین کے جمایتی شخص نے جعلی ڈاکومنٹس بناکر کیا ہے لہذٰا اسپیکر بلوچستان اسمبلی اس مسئلے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے جو حقائق جاننے کیلئے ایم پی اے واشک اور ڈی سی واشک سے برائے راست گفتگو کرکے اصل حقائق تک پہنچ سکے، صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کے اسمبلی اجلاس میں وہ اپنی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے وگرنہ اسمبلی فلور پر ہی ان الزامات کا موثر جواب دیا جاتا، انہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر ان بے بنیاد الزامات کا لگانا ایم پی اے کا وطیرہ رہا ہے لہذٰا ڈی سی واشک اس بات کا استحقاق رکھتاہے کہ وہ عدالت سے رجوع کرکے اپنے خلاف بے بنیاد الزامات کا دفاع کرسکتا ہے کہ مستقبل میں موصوف سمیت کسی کو بھی کسی بڑے سرکاری آفیسر پر کیچڑ اچھالنے کا موقع نہ مل سکے، صوبائی وزیر نے اس موقع پر ضلع واشک میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب میں منتخب نمائندوں جن میں میر حبیب محمد حسنی اور میر مجیب محمد جسنی نے جو ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اگر موجودہ ایم پی اے جو ان پر ہمیشہ تنقید کرنے سے باز نہیں رہتا وہ اپنے دور میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بتائے کہ اس نے آج تک کیا کیا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ الزام تراشی، کردار کشی اور منفی پراپیگنڈہ سیاست اور سیاسی اخلاقیات کے بالکل منافی عمل ہے لہذٰا عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کیلئے میدان عمل میں اتر کر سچائی اور خلوص کے ذریعے ہی ہم عوامی نمائندہ ہونے کا حق ادا کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں