شیخ زاید ہسپتال میں سامان کی منتقلی معمول کا عمل ہے، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانیوالی معلومات حقائق کے برعکس ہیں، سیکرٹری صحت بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) شیخ خلیفہ بن زاید ہسپتال سریاب میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات حقائق کے برعکس ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح جب انہیں سامان کی منتقلی سے متعلق اطلاعات موصول ہوئیں تو انہوں نے فوری طور پر معاملے کی تفصیل حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سامان کی منتقلی ایک معمول کا عمل ہے، کیونکہ وہاں قائم ویئر ہاﺅس ادویات، آلات اور دیگر طبی سامان کی ترسیل اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس عمل کو غلط انداز میں پیش کر کے یہ تاثر دینا کہ سامان کہیں اور منتقل کیا جا رہا ہے، درست نہیں۔ سیکرٹری صحت کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید ہسپتال ماضی میں غیر فعال تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر فعال بنایا ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی، گائنی، سرجری سمیت 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، الٹرا ساﺅنڈ اور دیگر جدید سہولیات بھی فعال کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیتھ لیب کی منتقلی بھی ایک عارضی اور منصوبہ بندی کے تحت کیا جانے والا اقدام ہے، جس کا مقصد کارڈیک انسٹیٹیوٹ میں فوری طور پر دل کے مریضوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ عوام کو کراچی یا دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ نیا اور جدید سامان جلد دستیاب ہوگا، جس کے بعد اسے شیخ خلیفہ ہسپتال میں نصب کیا جائے گا۔ مجیب الرحمن نے کہا کہ بغیر تصدیق کے وڈیوز بنا کر غلط معلومات پھیلانا عوام میں بے چینی اور غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر کو پھیلانے سے پہلے اس کی حقیقت ضرور جانچیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور صوبے بھر میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔


