خضدار،شہر میں بدامنی عروج پرموٹرسائیکل اورموبائل چھیننے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ شہری عدم تحفظ کا شکار بی این پی عوامی کا حکام سے نوٹس لینے مطالبہ
خضدار(بیورورپورٹ)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ خضدار شہر اور گردونواح میں چوری چکاری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اور خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے شہر بھر میں موٹر سائیکل اور موبائل چھیننے کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں جس کی وجہ سے شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں ترجمان نے کہا کہ خضدار کے علاقےخیرآواہ، سنی گنبدی تیغ، عبداللہ شاہ روڈ، فیروز آباد، پیر عمر اور باغبانہ کی حدود میں مسلح چور اور ڈاکو سرعام بندوق کے زور پر شریف شہریوں سے موٹر سائیکلیں موبائل فونز اور نقدی چھین کربا آسانی فرار ہو رہے ہیں افسوس ناک امر یہ ہے کہ اس تمام صورتحال کے باوجود پولیس انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام چوروں اور ڈاکوو¿ں کے رحم و کرم پر بے یار و مددگار رہ گئے ہیں ترجمان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان، کمشنر قلات ڈویڑن، ڈی آئی جی خضدار رینج، ڈپٹی کمشنر خضدار اور ایس ایس پی خضدار سے پرزور مطالبہ کیا کہ خضدار میں سرگرم چوری چکاری کے نیٹ ورک کا فوری طور پر قلع قمع کیا جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ خضدار کے پرامن شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔


