کابل :جنرل باجوہ کی ڈی آئی ایس آئی کے ہمراہ صدر اشرف غنی سے ملاقات

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی جنرل باجوہ کے ساتھ تھے۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو کابل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے تفصیلی ملاقات میں افغان امن عمل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت پر کیا گیا ہے کہ جب علاقے میں بے یقینی کی فضا شدید ہو گئی ہے اور امریکی فوج کے انخلا کے بعد تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل باجوہ کی افغان صدر سے ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل کی تازہ صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

’اس موقعے پر دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون اور بارڈر مینیجمنٹ کے معاملات بھی زیر غور آئے۔‘بیان کے مطابق جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان کا مطلب پاکستان اور پورے خطے میں امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔افغان صدر نے بامقصد بات چیت اور افغان مفاہمتی عمل میں سنجیدہ کردار پر پاکستانی فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ساتھ تھے۔ ملاقات میں برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی ملاقات میں موجود تھے۔واضح رہے کہ پاکستان کو افغان امن عمل میں علاقے کا بنیادی فریق سمجھا جا تا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں